ہفتہ 27 دسمبر 2025 - 13:10
آج دنیا کی اہم ضرورت، ایک منصفانہ اسلامی قومی اور بین الاقوامی نظام ہے

حوزہ/ رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے یورپ میں اسٹوڈنٹس کی اسلامی انجمنوں کی یونین کی سالانہ نشست کے نام اپنے ایک پیغام میں اسلامی ایران کے جوانوں کی جدت طرازی، شجاعت اور ایثار کے سبب امریکا کی فوج اور خطے میں اس کی شرمناک اولاد کے بھاری حملے کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خبیث اور برائی پھیلانے والے منہ زوروں کی تلملاہٹ کی اصل وجہ ایٹمی مسئلہ نہیں بلکہ دنیا میں غیر منصفانہ نظام اور تسلط پسندانہ نظام کے تحکم سے مقابلے کے پرچم کا بلند ہونا اور ایران اسلامی کی جانب سے ایک منصفانہ اسلامی قومی اور بین الاقوامی نظام کی طرف قدم بڑھانا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے یورپ میں اسٹوڈنٹس کی اسلامی انجمنوں کی یونین کی سالانہ نشست کے نام اپنے ایک پیغام میں اسلامی ایران کے جوانوں کی جدت طرازی، شجاعت اور ایثار کے سبب امریکا کی فوج اور خطے میں اس کی شرمناک اولاد کے بھاری حملے کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خبیث اور برائی پھیلانے والے منہ زوروں کی تلملاہٹ کی اصل وجہ ایٹمی مسئلہ نہیں بلکہ دنیا میں غیر منصفانہ نظام اور تسلط پسندانہ نظام کے تحکم سے مقابلے کے پرچم کا بلند ہونا اور ایران اسلامی کی جانب سے ایک منصفانہ اسلامی قومی اور بین الاقوامی نظام کی طرف قدم بڑھانا ہے۔

رہبر انقلاب کا پیغام حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

عزیز جوانو!

اس سال آپ کے ملک نے، ایمان، اتحاد اور خود اعتمادی کی برکت سے دنیا میں ایک نئی حیثیت اور نیا وقار حاصل کیا ہے۔ امریکا کی فوج اور خطے میں اس کی شرمناک اولاد کے بھاری حملے، اسلامی ایران کے جوانوں کی جدت طرازی، شجاعت اور ایثار کے سبب مغلوب ہو گئے۔ ثابت ہو گيا کہ ایرانی قوم اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ایمان اور عمل صالح کے سائے میں خبیث اور ظالم سامراجیوں کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہے اور اسلامی اقدار کی طرف دعوت کو پہلے سے کہیں بلند آواز میں دنیا تک پہنچا سکتی ہے۔

ہمارے کچھ سائنسدانوں، کمانڈروں اور عزیز عوام کی شہادت کا گہرا غم، پرعزم ایرانی جوان کو نہ تو روک سکا ہے اور نہ روک پائے گا۔ ان شہیدوں کے اہل خانہ خود اس کارواں کو آگے بڑھانے والوں میں شامل ہیں۔

ایٹمی مسئلے اور اسی طرح کی دوسری چیزوں کی بات نہیں ہے، بات موجودہ دنیا میں غیر منصفانہ نظام اور تسلط پسندانہ نظام کے تحکم سے مقابلے اور ایک منصفانہ اسلامی قومی اور بین الاقوامی نظام کی طرف قدم بڑھانے کی ہے۔ یہ وہی بڑی دعوت ہے جس کا پرچم اسلامی ایران نے لہرایا ہے اور جس نے خبیث اور برائی پھیلانے والے منہ زوروں کو برہم کر دیا ہے۔

آپ اسٹوڈنٹس اور خاص کر بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کے کندھوں پر اس عظیم ذمہ داری کا ایک بڑا حصہ ہے۔ اپنے دلوں کو خدا کے حوالے کر دیجیے، اپنی صلاحیتوں کو پہچانیے اور انجمنوں کو اس سمت میں آگے بڑھائيے۔

اللہ آپ کے ساتھ ہے اور مکمل فتح آپ کے انتظار میں ہے، ان شاء اللہ

سیّد علی خامنہ ای

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha